اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے خلیج فارس کے امور میں یورپی یونین کے خصوصی ایلچی لوئیجی ڈی مایو سے ملاقات میں اس عہدے کے انتخاب پر انہيں مبارکباد دی اور خلیج فارس کے ملکوں سمیت پڑوسی ملکوں کے تعلقات میں تبدیلیوں کو بیان کیا اور کہا کہ موجودہ حالات، خلیج فارس کے 8 ملکوں کے باہمی تعلقات کے لئے نئے دور کی حیثیت رکھتے ہیں۔
وزير خارجہ امیر عبد اللہیان نے کہا: علاقائي ڈائلاگ اور تعاون کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کی تجویز اور علاقائي ملکوں کی جانب سے اس کی حمایت اس بات کا ثبوت ہے کہ علاقائی ممالک علاقائی تعاون میں یقین رکھتے ہيں۔
ایران کے وزیر خارجہ نے یورپی یونین اور علاقائی ملکوں کے درمیان تعاون میں توسیع کے لئے یورپی یونین کی جانب سے ہر طرح کی تجویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے یورپی یونین کے ساتھ متفقہ امور میں مضبوط تعاون پر آمادگی ظاہر کی۔
اس ملاقات میں یورپی یونین کے خصوصی ایلچی لوئیجی ڈی مایو نے بھی علاقے میں ایران کی اہم پوزیشن پر زور دیتے ہوئے، اپنے نئے عہدے کے بعد خلیج فارس کے کچھ ملکوں کے اپنے دورے کی رپورٹ پیش کی اور علاقے میں ایران کے موثر رول پر زور دیا۔
انہوں نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان معمول کے تعلقات کو پورے علاقے کے لئے فائدہ مند قرار دیا ۔
اس ملاقات میں ایران پر پابندیوں کے خاتمے کے لئے ہونے والے مذاکرات کی تازہ صورت حال، ایران اور آئي اے ای اے کے تعلقات اور ایران و یورپ کے درمیان مذاکرات کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا گيا ۔
آپ کا تبصرہ